لاہور میں پتنگ بازی اور خطرناک کیمیکل ڈور کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران باغبانپورہ پولیس نے اہم کارروائی کرتے ہوئے پتنگوں اور قاتل کیمیکل ڈور کی بڑی کھیپ پکڑ لی۔
پولیس کے مطابق ایس ایچ او باغبانپورہ رضوان خان نے ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے ملزم آصف خان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا، جو مختلف علاقوں میں پتنگوں اور کیمیکل ڈور کی ترسیل میں ملوث تھا۔حکام کے مطابق گرفتار ملزم کے قبضے سے تقریباً 270 پتنگیں اور کیمیکل ڈور کی 4 چرخیاں برآمد کی گئیں، جن کی مالیت لاکھوں روپے بتائی جا رہی ہے۔ ابتدائی تفتیش میں ملزم نے اعتراف کیا ہے کہ وہ آن لائن آرڈرز کے ذریعے مختلف علاقوں میں یہ سامان سپلائی کرتا تھا۔پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دی ہے۔
اس حوالے سے ایس پی کینٹ نے کامیاب کارروائی پر پولیس ٹیم کی تعریف کرتے ہوئے تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شہر میں پتنگ بازی اور کیمیکل ڈور کے استعمال کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل جاری ہے تاکہ شہریوں کی جانوں کو خطرے سے محفوظ رکھا جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ ایسے عناصر کے خلاف کارروائیاں مستقبل میں بھی بلاامتیاز جاری رہیں گی تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔