کراچی ( آن لائن ) گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے ملائیشیا، عراق کے قونصل جنرلز اور ڈپٹی چیف آف پروٹوکول کے اعزاز میں منعقدہ الوداعی تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، جہاں انہوں نے دونوں ممالک کے سفارت کاروں کی خدمات کو سراہتے ہوئے پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کے فروغ میں ان کے کردار کو قابلِ تحسین قرار دیا۔اپنے خطاب میں گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان اور ملائیشیا کے برادرانہ تعلقات جبکہ پاکستان اور عراق کے تاریخی، ثقافتی اور روحانی رشتے مستقبل میں مزید مضبوط ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ سفارت کاری اعتماد، باہمی احترام، مسلسل رابطے اور تعمیری شراکت داری کا نام ہے، جو اقوام کو ایک دوسرے کے قریب لانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔