غیر قانونی امیگریشن، سمگلنگ اور سرحد پار جرائم کے خلاف مشترکہ کارروائیوں کا فیصلہ، پاک چین مشترکہ ورکنگ گروپ قائم ہوگا
پاکستان حکومت غیر قانونی امیگریشن، غیر قانونی بارڈر کراسنگ اور سمگلنگ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے : محسن نقوی
پاکستانی پولیس افسر اسی ماہ تربیت کیلئے چین جائینگے، سپیشل پروٹیکشن یونٹ کے اہلکاروں کو چینی زبان کی خصوصی تربیت دے رہے ہیں: چینی سفیر
اسلام آباد ( آن لائن ) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری سے چین کی نیشنل امیگریشن ایڈمنسٹریشن کے ڈائریکٹر جنرل چی جِنگ یانگ کی قیادت میں اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی، جس میں امیگریشن، بارڈر مینجمنٹ اور ادارہ جاتی تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔ملاقات میں دونوں ممالک نے یر قانونی امیگریشن، اسلحہ اسمگلنگ اور سرحد پار جرائم کے خلاف مشترکہ کارروائیوں کو مؤثر بنانے، امیگریشن کے عمل کو تیز تر کرنے اور متعلقہ معاہدے کو جلد حتمی شکل دینے کا فیصلہ کیا۔فریقین نے بارڈر مینجمنٹ اور سکیورٹی کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پاک چین مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کرنے پر بھی اتفاق کیا، جبکہ لینڈ بارڈرز، سی پورٹس اور امیگریشن مینجمنٹ میں باہمی تعاون بڑھانے پر زور دیا گیا۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان حکومت غیر قانونی امیگریشن، غیر قانونی بارڈر کراسنگ اور اسمگلنگ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے اور ان جرائم میں ملوث تمام عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جا رہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ خنجراب پاس پر سکیورٹی مزید مؤثر بنانے کے لیے گلگت بلتستان اسکاؤٹس کی نئی چیک پوسٹ قائم کی جا رہی ہے۔وزیر مملکت طلال چوہدری نے کہا کہ پاکستان اور چین باہمی تعاون کے ذریعے غیر قانونی امیگریشن اور سرحدی جرائم کی روک تھام کو مزید مؤثر بنائیں گے۔چینی وفد نے غیر قانونی بارڈر کراسنگ اور اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے پاکستان کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ چین اور پاکستان اسٹریٹیجک شراکت دار ہیں اور چین پاکستانی اداروں کی استعداد کار بڑھانے میں اپنا تعاون جاری رکھے گا۔وفد نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کو چین کے وزیر داخلہ کی جانب سے پبلک سکیورٹی فورم میں شرکت کا دعوت نامہ بھی دیا، جبکہ ایف آئی اے کے وفد کو بھی فورم میں شرکت کی دعوت دی گئی۔اس موقع پر چینی سفیر نے بتایا کہ پاکستانی پولیس افسران اسی ماہ تربیت کے لیے چین روانہ ہوں گے، جبکہ چینی اساتذہ پاکستان میں اسپیشل پروٹیکشن یونٹ کے اہلکاروں کو چینی زبان کی خصوصی تربیت بھی فراہم کر رہے ہیں۔