دریاؤں کنارے گاؤں میں امدادی کارروائیاں جاری رکھنے کی ہدایت،سیلابی صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جا رہی :ڈاکٹر عثمان انور
لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پولیس ریلیف سرگرمیاں مزید تیز کرنے کا حکم دیا ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ پولیس ٹیمیں شہریوں کی محفوظ مقامات پر منتقلی سمیت ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہیں۔ پنجاب پولیس کے کنٹرول سنٹرز سے متاثرہ اضلاع میں سیلابی صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔ آر پی اوز اور ڈی پی اوز سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پولیس ریلیف سرگرمیوں کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔ پولیس فورس امدادی سرگرمیوں میں ضلعی حکومت، ریسکیو اداروں کے ساتھ کلوز کوآرڈی نیشن یقینی بنا رہی ہے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے افسران کو ہدایت کی کہ دریاؤں کے کنارے آباد دیہاتوں اور آبادیوں میں پولیس کی امدادی ٹیموں کی پٹرولنگ باقاعدگی سے جاری رکھی جائے۔ سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں ریلیف کیمپس، متاثرہ افراد کی امداد اور سکیورٹی کے لیے اقدامات یقینی بنائیں۔ سیلاب کے خطرے سے دوچار شہریوں کی جان و مال اور املاک کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ سیلاب کے ممکنہ خطرات سے درپیش علاقوں اور دریائی چیک پوسٹوں پر پٹرولنگ کا عمل جاری رکھا جائے۔