بارشوں سے جانی اور مالی نقصان پر افسوس ہے‘امدادی سرگرمیاں تیز کی جائیں شہبازشریف

پنجاب میں رواں سال ریکارڈ بارشیں ہوئیں ‘صوبے مکمل تیاری کے ساتھ اس صورتحال سے نمٹ رہے ہیں‘  بدقسمتی سے ہمارا ملک موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے سب سے زیادہ متاثر ہو رہا ہے:این ڈی ایم اے کے دورہ کے موقع پر گفتگو
چھوٹے کسانوں کیلئے آسان قرض اور جدید زرعی سہولیات کی فراہمی ترجیح بنائی جائے ،پاکستان کی ترقی زرعی شعبے اور کسانوں کی پیداوار  سے مشروط ہے: زرعی ترقی کیلئے  منصوبہ بندی اور ایگری فنانسنگ پر جائزہ اجلاس   میں اظہار خیال

 اسلام آباد(آن لائن‘آئی این پی)وزیراعظم شہباز شریف نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کا ہنگامی دورہ کیا جہاں چیئرمین این ڈی ایم اے نے انہیں حالیہ بارشوں اور سیلابی صورتحال پر بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ رواں موسم میں معمول سے 30 سے 40 فیصد زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی ہے اور نکاسِ آب کے لیے آپریشن جاری ہے، تاہم اس عمل میں کچھ وقت لگے گا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا  حالیہ دنوں میں بعض علاقوں میں کلاوڈ برسٹ کے واقعات پیش آئے ہیں۔ جانی ومالی نقصان پربہت افسوس ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کا دورہ کیا جہاں انہیں چیئرمین این ڈی ایم اے نے ملک بھر میں ہونے والی حالیہ بارشوں، سیلابی صورتحال اور امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ حالیہ دنوں میں 30 سے 40 فیصد زائد بارشیں ریکارڈ کی گئی ہیں، جبکہ بعض علاقوں میں کلاوڈ بلاسٹ جیسے موسمیاتی مظاہر بھی دیکھنے میں آئے ہیں۔ پنجاب اور آزاد کشمیر میں آئندہ 7 روز کے دوران مزید بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔حکام نے آگاہ کیا  ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں، اور شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے صورتحال پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا  این ڈی ایم اے کی کارکردگی خوش آئند ہے۔  پنجاب میں رواں سال ریکارڈ بارشیں ہوئیں اور صوبے مکمل تیاری کے ساتھ اس صورتحال سے نمٹ رہے ہیں۔وزیراعظم نے حالیہ بارشوں اور سیلاب کے باعث ہونے والے جانی و مالی نقصان پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج چکوال میں ریکارڈ بارش ہوئی ہے، جو غیر معمولی ہے۔انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اگرچہ پاکستان کا موسمیاتی تبدیلیوں کے پیدا ہونے میں کوئی کردار نہیں، لیکن بدقسمتی سے ہمارا ملک ان کے اثرات سے سب سے زیادہ متاثر ہو رہا ہے۔وزیراعظم نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ متاثرہ عوام تک فوری ریلیف پہنچایا جائے اور آنے والے دنوں میں کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام تیاریاں مکمل رکھی جائیں۔دریں اثناء وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے  چھوٹے کسانوں کیلئے آسان قرض اور جدید زرعی سہولیات کی فراہمی ترجیح بنائی جائے،پاکستان کی ترقی زرعی شعبے اور کسانوں کی پیداوار کی ویلیو ایڈیشن سے مشروط ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے ملکی زرعی ترقی کیلئے  منصوبہ بندی اور ایگری فنانسنگ پر جائزہ اجلاس  کی صدارت کرتے ہوئے کیا  ۔اجلاس میں  وزیراعظم نے ہدایت کی کہ  درمیانے اور چھوٹے پیمانے کی زرعی سرگرمیوں کیلئے آسان شرائط پر قرض کی فراہمی کے حوالے سے لائحہ عمل پیش کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ 12 ایکڑ سے کم زمین والے کسانوں کو جدید زرعی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔  پاکستان کی ترقی زرعی شعبے اور کسانوں کی پیداوار کی ویلیو ایڈیشن سے مشروط ہے۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کے زرعی شعبے میں ترقی کے لیے چھوٹے کسانوں کو سہولیات کی فراہمی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ کسانوں کو جدید زرعی آلات، مصنوعی ذہانت اور معیاری بیج کے لیے آسان شرائط پر قرض کی فراہمی کے لیے لائحہ عمل پیش کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ کسانوں کی اجناس کی پراسیسنگ سے برآمدات کے قابل اشیا کی تیاری کے لیے چھوٹے پیمانے کی صنعتی مشینری تک رسائی کے حوالے سے بھی جامع منصوبہ بندی کی جائے۔ حکومت کسانوں کو جدید زرعی آلات، معیاری بیج کی فراہمی، مصنوعی ذہانت، پانی کے بہتر استعمال، آن فارم اسمال انڈسٹری اور دیگر سہولیات کے لیے اصلاحات کے عمل کو تیز کر رہی ہے۔