بوگس چیک دینے والے پانچ اشتہاری لاہور سمیت دیگر شہروں سے گرفتار
لاہور(کرائم رپورٹر) ڈولفن سکواڈ کا جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سائنٹفک بنیادوں پر ایکشن جاری ہے۔ پولیس کو مطلوب 5 فراڈیے ڈولفن سکواڈ کی گرفت میں آ گئے۔ اشتہاریوں پر مختلف تھانوں میں فنانشل کرائم کے مقدمات درج ہیں۔ اشتہاریوں نے کئی شہریوں سے لین دین، رقوم کی مد میں فراڈ کی نیت سے بوگس چیک دیے تھے۔ ترجمان ڈولفن کے مطابق ملزمان بہاولپور، شیخوپورہ اور لاہور پولیس کو مقدمات میں مطلوب تھے۔ ملزمان کو ای پولیس پوسٹ ایپ کی مدد سے حراست میں لیا گیا۔ گرفتار اشتہاریوں کو تھانہ مغلپورہ، کاہنہ، رائیونڈ اور دیگر کے حوالے کر دیا گیا۔ ایس پی ڈولفن ارسلان زاہد کے مطابق فنانشل کرائم کے مقدمات میں مطلوب اشتہاریوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔ معصوم و سادہ لوح شہریوں سے فراڈ و نوسر بازی کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔