بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن گیم شو "کون بنے گا کروڑ پتی" کے سیزن 17 میں ایک بار پھر میزبان کے طور پر جلوہ گر ہوں گے، جبکہ ان کے فی قسط معاوضے کی تفصیلات بھی سامنے آگئی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق سیزن 17 کا آغاز 11 اگست سے ہوگا اور بھارتی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ امیتابھ بچن کو اس سیزن کی ہر قسط کے لیے 5 کروڑ بھارتی روپے معاوضہ دیا جائے گا۔ واضح رہے کہ سیزن 16 میں بھی ان کا فی قسط معاوضہ یہی تھا۔امیتابھ بچن نے 2000 میں اس شو کے پہلے سیزن سے میزبانی کا آغاز کیا تھا، جس کے بعد ان کی مقبولیت میں زبردست اضافہ ہوا۔ تاہم صحت کے مسائل کے باعث وہ دوسرے سیزن سے دستبردار ہوگئے تھے، جس کے بعد شاہ رخ خان نے سیزن 3 کی میزبانی کی۔پھر عوامی مطالبے پر امیتابھ بچن نے سیزن 4 سے دوبارہ میزبان کی حیثیت سے واپسی کی، اور تب سے وہ ہر سیزن کی میزبانی بخوبی انجام دے رہے ہیں۔ شو کے مداح اس بار بھی اپنے پسندیدہ میزبان کو دیکھنے کے منتظر ہیں۔