قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے صوبہ خیبر پختونخوا ہر قسم کی فنی و انسانی امداد کو تیار ہے، راولپنڈی و دیگرعلاقوں کو امداد فراہم کرنے کو تیار ہیں
بارشوں میں جانی و مالی نقصان پر افسوس ہے‘صوبے کے عوام پنجاب کے بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں:وزیر اعلی خیبرپختونخوا
پشاور(آئی این پی )وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے راولپنڈی سمیت پنجاب کے دیگر علاقوں میں مون سون بارشوں سے جانی و مالی نقصان سے نمٹنے کیلئے تعاون کی پیشکش کر دی۔ وزیر اعلی علی امین گنڈاپور نے اپنے بیان میں کہا کہ قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے صوبہ خیبر پختونخوا ہر قسم کی فنی و انسانی امداد کو تیار ہے، راولپنڈی و دیگرعلاقوں کو ہر قسم کی تکنیکی اور فنی امداد فراہم کرنے کو تیار ہیں۔وزیر اعلی کے پی نے کہا کہ بارشوں میں جانی و مالی نقصان پر افسوس ہے، صوبے کے عوام پنجاب کے بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے، پی ڈی ایم اے، ریسکیو 1122 اور ضلعی انتظامیہ کو الرٹ کر دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ کے پی حکومت کی ہدایت پر امدادی مشینری ہائی الرٹ ہیں اور عوام کو ریلیف فراہم کریں، مشکل وقت میں قوم کو ایک ہو کر عوامی خدمت کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ کے پی میں بارشوں کے پیش نظر پی ڈی ایم اے سمیت اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی، طوفانی بارشوں سے نمٹنے کیلئے صوبے میں ایمرجنسی پلان فعال ہے، بارشوں کے ممکنہ خطرات کے پیش نظر ادارے چوکس رہیں۔