ڈپٹی کمشنر مینارپاکستان پرجلسے کی درخواست مسترد کردی، عوام گھروں سے باہر نکلیں اور بھرپور احتجاج کریں: علی امین گنڈاپور

 تحریک انصاف کا کل یوم سیاہ 
دنیا کو پیغام دینا ہے اپنا حق لینا جانتے ہیں، گنڈا پور یہ کچھ بھی کر لیں عوام کل باہرنکلیں گے، شیخ وقاص ، 8 فروری سیاسی تاریخ کا سیاہ دن ، شبلی فراز کی گفتگو ،لاہور میں اگلے لائحہ عمل کا اعلان کیاجائیگا: عالیہ حمزہ 
پشاور ( مانیٹرنگ ڈیسک ، نیوز ایجنسیاں )پی ٹی آئی نے کل آٹھ فروری کو یوم سیاہ کے طور پر منانے اور احتجاج کرنے کا اعلان کیا ہے۔پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو 8 فروری کو مینار پاکستان پر جلسہ کرنے کی اجازت نہ مل سکی۔ڈپٹی کمشنر لاہور نے پی ٹی آئی کی مینارپاکستان پرجلسے کی درخواست مسترد کردی،وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے اپنے ایک ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ احتجاج کی یہ کال سابق وزیراعظم عمران خان نے دی ہے۔پاکستانی عوام کے نام ایک پیغام میں انھوں نے کہا کہ ان کی جماعت آٹھ فروری کو یوم سیاہ کے طور پر منائے گی۔ انھوں نے کہا کہ عوام گھروں سے باہر نکلیں اور بھرپور احتجاج کریں۔’میں آپ سب سے گزارش کرتا ہوں کہ بھرپور طریقے سے باہر نکلیں ، چاہے آپ جہاں کہیں بھی ہیں، پختونخوا کے عوام کے لیے صوابی میں جلسہ ہے ، آپ سب نے وہاں آنا ہے ، دنیا کو پیغام دینا ہے کہ اپنا حق ہم لینا بھی جانتے ہیں، اپنا حق چھین کے لینا بھی جانتے ہیں۔پریس کانفرنس کرتے ہوئے تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی مائنس ون فارمولے کے لئے الیکشن کمشنر کا استعمال کیا گیا۔چیف الیکشن کمشنر کا کردار متنازعہ اور مایوس کن رہا ہے۔مائنس ون کا فارمولا کامیاب بنانے میں چیف الیکشن کمشنر کا کردار کلیدی رہا۔پی ٹی آئی نے چیف الیکشن کمشنر کے خلاف عمر ایوب کے ذریعے سپریم جوڈیشل کونسل میں شکایت جمع کروا دی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایم این ایز، ایم پی ایز کے گھروں پر چھاپے مارے جا رہے ہیں، یہ کچھ بھی کر لیں، 8 فروری کو عوام باہرنکلیں گے۔بانی کے حکم پر 8 فروری کو یوم سیاہ منایا جائے گا، کوئٹہ میں ایک ماہ میں ہمارے دفتر پر تیسری دفعہ چھاپہ مارا گیا، آج نہیں توکل ان کوجواب دینا پڑے گا، ظلم اور جبر پر چیف جسٹس نوٹس لیں۔ شبلی فراز نے اڈیالہ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 8 فروری ایک ایسا دن ہے جس کو پاکستان کی سیاسی تاریخ میں سیاہ دن کے طور پر دیکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اس دن کے بعد ملک میں عدم استحکام آیا ہیکیونکہ عوام کے حقیقی نمائندے پارلیمان میں نہیں بیٹھے ہوئے ہیں۔پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو 8 فروری کو مینار پاکستان پر جلسہ کرنے کی اجازت نہ مل سکی۔ڈپٹی کمشنر لاہور نے پی ٹی آئی کی مینارپاکستان پرجلسے کی درخواست مسترد کردی۔ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی جلسے کے سلسلے میں ڈسٹرکٹ انٹیلی جنس کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ذرائع کا کہنا ہے 8 فروری کوکرکٹ میچ اور انٹرنیشل سپیکرزکانفرنس ہے اس کے علاوہ لاہور میں ہارس اینڈ کیٹل شو بھی شروع ہو رہا ہے، اس سلسلے میں سکیورٹی پر ہزاروں اہلکار تعینات کیے جارہے ہیں۔دوسری جانب لاہور ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں چیف آرگنائزر پی ٹی آئی عالیہ حمزہ کا کہنا تھا کہ ہمارا قانونی اور آئینی حق ہے کہ جلسہ کریں، ہماری لیگل ٹیم 4 بجے سے ڈی سی آفس میں موجود ہے، ڈی سی آفس میں درخواست 29 جنوری کو دی لیکن عملدرآمد نہیں ہو رہا، اجازت نہ ملی تو اگلے لائحہ عمل کا اعلان کیاجائیگا۔