چنگ چی رکشہ سے سے نامعلوم نومولود بچی برآمد

کوئی نامعلوم شخص بچی کو چھوڑ کر چلا گیا : شہری ، ورثا کی تلاش جاری 
لاہور(کرائم رپورٹر)شاد باغ کے علاقے میں چنگ چی رکشہ سے نامعلوم نومولود بچی برآمد ہونے کا واقعہ پیش آیا ہے۔ پولیس کے مطابق ایک شہری نے شاد باغ تھانے کو اطلاع دی کہ اس کے گھر کے قریب کھڑی چنگ چی رکشہ کی سیٹ پر شاپر بیگ میں ایک نومولود بچی موجود ہے۔ اطلاع دینے والے شہری فیصل کا کہنا تھا کہ کوئی نامعلوم شخص بچی کو وہاں چھوڑ کر چلا گیا ہے۔اطلاع ملتے ہی شاد باغ پولیس موقع پر پہنچ گئی اور شہری کے ہمراہ بچی کو فوری طور پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔ بعد ازاں بچی کو مزید نگہداشت کے لیے چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر ٹیم کے حوالے کر دیا گیا، جہاں اسے بحفاظت منتقل کر دیا گیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ نومولود بچی کے ورثاء کی تلاش جاری ہے اور مختلف پہلوؤں پر تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ایس پی سٹی بلال احمد نے بروقت کارروائی اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کیے گئے احسن اقدام پر ایس ایچ او شاد باغ اور ان کی ٹیم کو شاباش دی۔ ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کے تعاون سے کمیونٹی پولیسنگ کے فروغ کو یقینی بنایا جا رہا ہے اور ایسے واقعات میں فوری ردعمل پولیس کی اولین ترجیح ہے۔