ایک رکشہ چلاتا ، خاتون ساتھی مسافر خواتین کے پرس اور بیگ چوری کرتی تھی
لاہور(کرائم رپورٹر)رنگ محل پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے چنگ چی رکشہ کے ذریعے مسافر خواتین سے وارداتیں کرنے والے خاتون سمیت دو رکنی متحرک چور گینگ کو گرفتار کر لیا۔ ایس پی سٹی عاطف امیر کے مطابق ملزمان میں ایک رکشہ چلاتا تھا جبکہ خاتون ساتھی مسافر خواتین کے پرس اور بیگ چوری کرتی تھی۔پولیس کے مطابق ملزمان نے فیصل آباد سے آنے والی ایک خاتون کو لاری اڈہ سے رکشے میں بٹھایا اور موقع ملتے ہی دو لاکھ 25 ہزار روپے سے بھرا بیگ چوری کرکے فرار ہو گئے تھے۔ اطلاع ملنے پر رنگ محل پولیس نے فوری مقدمہ درج کیا اور جدید ٹیکنالوجی اور سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے صرف دو روز میں ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ایس پی سٹی نے بتایا کہ ملزمان کے قبضے سے چوری شدہ 2 لاکھ 25 ہزار روپے نقدی اور اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے، جبکہ متاثرہ خاتون نے رقم واپس ملنے پر لاہور پولیس کا شکریہ ادا کیا۔ایس پی سٹی عاطف امیر نے کامیاب کارروائی پر ایس ایچ او فرح مشتاق اور پولیس ٹیم کے لیے تعریفی سرٹیفکیٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کڑی نگرانی اور مؤثر کارروائیاں جاری رہیں گی۔