پریکٹیکل تحریری پیپر بورڈ کے مارکنگ سنٹر میں چیک ہونگے

میٹرک اور انٹر کے پریکٹیکل امتحانات کے نظام میں بڑی تبدیلی کا اعلان
 امتحانی مراکز میں مارکنگ کے باعث نمبروں کے فرق کی شکایات تھیں:سیکرٹری 
لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور تعلیمی بورڈ نے میٹرک اور انٹر کے پریکٹیکل امتحانات کے نظام میں بڑی تبدیلی کا اعلان کر دیا ہے۔ نئے طریقہ کار کے تحت پریکٹیکل امتحانات کو مزید شفاف بنانے کیلئے اہم اصلاحات متعارف کرائی گئی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق اب پریکٹیکل کے تحریری پیپر امتحانی مرکز کی بجائے بورڈ کے قائم کردہ مارکنگ سنٹر میں چیک ہوں گے، جبکہ ایگزامینر صرف عملی امتحان میں امیدوار کی کارکردگی کے نمبر دے سکے گا۔نئے نظام کے تحت پریکٹیکل امتحان پچاس فیصد عملی اور پچاس فیصد تھیوری پر مشتمل ہوگا۔ پنجاب بھر میں ہر سال تقریباً اڑتالیس لاکھ امیدوار امتحانات میں شریک ہوتے ہیں جبکہ صرف لاہور سے سالانہ نو لاکھ امیدوار امتحان دیتے ہیں۔سیکرٹری لاہور بورڈ رضوان نذیر کا کہنا ہے کہ نئے سسٹم سے پریکٹیکل امتحانات میں شفافیت آئے گی اور امیدواروں کی شکایات کے ازالے میں مدد ملے گی۔ ان کے مطابق امتحانی مراکز میں مارکنگ کے باعث نمبروں کے فرق کی شکایات سامنے آ رہی تھیں۔رضوان نذیر نے مزید بتایا کہ میٹرک کی ڈیٹ شیٹ آئندہ تین روز میں جاری کر دی جائے گی۔