امتحانی نظام میں اہم تبدیلی ،سفارش و جانبداری کا کلچر ختم ہوگا:تعلیمی بورڈز حکام
لاہور(خصوصی رپورٹ)پنجاب کے تعلیمی بورڈز نے امتحانی نظام میں ایک اور اہم تبدیلی کر دی ،تھیوری کے بعد اب عملی امتحانات کے ایک حصے کی بھی پیپر مارکنگ ہوگی۔تعلیمی بورڈز حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے امتحانی نظام مزید شفاف ہوگا اور سفارش و جانبداری کے کلچر کا خاتمہ ہو سکے گا۔بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن لاہور نے عملی امتحانات کی مارکنگ میں تبدیلی کا فیصلہ کیا ہے۔ نئی پالیسی کے تحت عملی امتحانات کے مخصوص حصے کی پیپر مارکنگ کی جائیگی تاکہ امیدواروں کو زیادہ منصفانہ اور غیر جانبدارانہ نتائج فراہم کیے جا سکیں۔کنٹرولر امتحانات توصیف الرحمن کے مطابق نئے نظام کا مقصد سفارش، جانبداری اور انسانی غلطیوں کے امکانات کو کم کرنا ہے۔ پیپر مارکنگ سے شفافیت، میرٹ اور احتساب کے نظام کو مزید مضبوط بنایا جائے گا جبکہ طلبہ کا نتائج پر اعتماد بھی بڑھے گا۔عملی امتحانات کی مارکنگ میں جدید طریقہ کار اپنانے سے نتائج کے معیار میں بہتری آئے گی اور طلبہ کو انکی صلاحیت کے مطابق نمبر مل سکیں گے۔ اس دوران میٹرک کے سالانہ امتحانات 2026 کے نتائج 6 اگست کو جاری کیے جائینگے۔