پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس آئندہ ماہ بلانے کا فیصلہ

پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس آئندہ ماہ بلانے کا فیصلہ

پاکستان کی پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس آئندہ ماہ پارلیمانی سال کے مکمل ہونے کے ساتھ طلب کیا جائے گا، جس میں صدر مملکت آصف علی زرداری خطاب کریں گے۔

 یہ اجلاس مارچ کے دوسرے ہفتے کے آغاز میں متوقع ہے، اور اس کی تاریخ صدر اور وزیراعظم کی مصروفیات کے مطابق طے کی جائے گی۔اجلاس کے دوران صدر مملکت اپنی تقریر میں اتحادی حکومت کی ایک سالہ کارکردگی کا جائزہ پیش کریں گے، اور اس کے ساتھ ساتھ مستقبل کے اہداف اور حکومتی پالیسیوں کے حوالے سے بھی آگاہی فراہم کریں گے۔ صدر کا خطاب عالمی سطح پر مشرق وسطیٰ کی صورتحال، عالمی سیاسی منظر نامہ، معاشی پالیسیوں، اصلاحات اور ملکی داخلی امور پر بھی روشنی ڈالے گا۔اجلاس کے دوران حکومتی کارکردگی رپورٹس بھی طلب کی گئی ہیں تاکہ صدر اپنے خطاب میں ان کا ذکر کر سکیں۔ اس اہم موقع پر اعلیٰ شخصیات کو مدعو کیا جائے گا اور خصوصی دعوت نامے جاری کیے جائیں گے۔ اجلاس کی سیکیورٹی کے حوالے سے غیر معمولی انتظامات کیے جائیں گے تاکہ اجلاس کے دوران کسی بھی قسم کی مشکلات سے بچا جا سکے۔