پی ٹی آئی رہنما شبلی فراز نے اسلام آباد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں اپوزیشن پرامن احتجاج کرے گی۔
شبلی فراز نے ملک میں جمہوریت کے حوالے سے سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ملک میں جمہوریت کے نام پر بدترین آمریت قائم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عید کے بعد پی ٹی آئی کے بانی اور دیگر رہنماؤں کی رہائی کے لیے احتجاج کے آپشنز پر غور کیا جا رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہمیں عدلیہ سے انصاف کی امید ختم ہو چکی ہے اور اپوزیشن نے احتجاجی حکمت عملی تیار کی ہے تاکہ عوام کے حقوق کا تحفظ کیا جا سکے۔ شبلی فراز نے کہا کہ حکومت کی جانب سے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ اپوزیشن کے احتجاج کا مقابلہ کیا جا سکے۔واضح رہے کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں صدر مملکت آصف علی زرداری خطاب کریں گے، اور حکومت نے اپوزیشن کے ممکنہ احتجاج سے نمٹنے کے لیے حکمت عملی تیار کر رکھی ہے۔