امریکی خاتونِ اول اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اہلیہ میلانیا ٹرمپ پر مبنی دستاویزی فلم ’میلانیا‘ کا پہلا ٹریلر جاری کر دیا گیا ہے۔
فلم میں میلانیا ٹرمپ اپنی ذاتی زندگی، اہم فیصلوں اور وائٹ ہاؤس میں گزارے گئے تجربات پر کھل کر گفتگو کرتی نظر آئیں گی۔ٹریلر کو میلانیا ٹرمپ نے خود اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کیا۔ اس میں انہیں وائٹ ہاؤس میں گھومتے، ایئر فورس ون میں سفر کرتے، مختلف تقریبات میں شرکت کرتے اور عوامی و نجی لمحات میں دکھایا گیا ہے۔
فلم کی تفصیلات:
دستاویزی فلم ڈونلڈ ٹرمپ کی دوسری صدارتی حلف برداری سے قبل کے 20 دنوں پر مشتمل ہے، جس میں انتخابی مہم کے بعد کے جذباتی لمحات اور ٹرمپ خاندان کی نجی سرگرمیوں کو دکھایا گیا ہے۔فلم میلانیا کی پروڈکشن کمپنی ’میوز فلمز‘ کے تحت تیار کی گئی ہے۔ہدایت کار بریٹ ریٹنر ہیں، جو طویل وقفے کے بعد فلمی دنیا میں واپس آئے ہیں۔ایمازون ایم جی ایم اسٹوڈیوز نے اس فلم کے حقوق تقریباً 40 ملین ڈالر میں حاصل کیے ہیں، جو کسی دستاویزی فلم کے لیے ایک بڑی ڈیل سمجھی جا رہی ہے۔
ریلیز اور اسٹریمنگ:
دستاویزی فلم 30 جنوری 2026 کو دنیا بھر کے سینما گھروں میں ریلیز کی جائے گی۔اس کے بعد اسے ایمازون پرائم ویڈیو پر بھی اسٹریمنگ کے لیے پیش کیا جائے گا۔واضح رہے کہ یہ فلم میلانیا ٹرمپ کی خود نوشت کتاب ’Melania‘ کا بصری تسلسل سمجھی جا رہی ہے، جو نیویارک ٹائمز کی بیسٹ سیلر فہرست میں شامل رہی تھی۔