شہزادی کیٹ مڈلٹن کی کینسر سے جنگ پر دستاویزی فلم کل بی بی سی پر نشر ہوگی

شہزادی کیٹ مڈلٹن کی کینسر سے جنگ پر دستاویزی فلم کل بی بی سی پر نشر ہوگی

برطانوی شہزادی کیٹ مڈلٹن نے کینسر کے علاج، مشکلات اور صحت یابی کے سفر سے متعلق اپنے تجربات پہلی بار ایک خصوصی دستاویزی فلم میں تفصیل سے بیان کیے ہیں۔ ’

’ہیل‘‘ (Heal) کے نام سے تیار کی گئی یہ 30 منٹ کی فلم 29 نومبر کو بی بی سی ون اور بی بی سی آئی پلیئر پر نشر کی جائے گی۔ خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق دستاویزی فلم میں شہزادی کیٹ نے بتایا ہے کہ کینسر کی تشخیص اور علاج کا مرحلہ ان کے لیے جسمانی ہی نہیں بلکہ جذباتی طور پر بھی انتہائی مشکل تھا۔ انہوں نے اسپتال میں گزارے گئے وقت کو خوفناک اور ذہنی طور پر پریشان کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس تجربے نے زندگی کو دیکھنے کا ان کا انداز بدل دیا۔فلم میں شہزادی کیٹ کو کینسر کے مریضوں کی فلاح و بہبود کے لیے فنڈز جمع کرنے کی غرض سے برطانیہ کے نیشنل تھری پیکس چیلنج میں حصہ لیتے دکھایا گیا ہے۔ اس چیلنج کے تحت انہوں نے 24 گھنٹوں کے اندر انگلینڈ، اسکاٹ لینڈ اور ویلز کی بلند ترین چوٹیوں کو سر کیا۔ ان میں اسکا فیل پائیک، بین نیوس اور سنوڈن شامل ہیں۔ دستاویزی فلم کا ایک جذباتی منظر اس وقت سامنے آتا ہے جب شہزادی کیٹ کے بھائی جیمز مڈلٹن انہیں ان کے تینوں بچوں شہزادہ جارج، شہزادی شارلٹ اور شہزادہ لوئس کے ریکارڈ شدہ پیغامات سناتے ہیں۔ بچوں کے محبت بھرے پیغامات سن کر شہزادی اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں اور آبدیدہ ہوگئیں۔

کیٹ مڈلٹن نے اس موقع پر کہا کہ ان کے بچوں نے انہیں اسپتال سے باہر آنے اور صحت یابی کی جدوجہد جاری رکھنے کا حوصلہ دیا۔ ان کے مطابق بچوں کی محبت اور ساتھ ان کی زندگی میں امید اور طاقت کا اہم ذریعہ بنا۔ شہزادی نے فلم میں اپنے کینسر کے تجربے کے بعد زندگی میں آنے والی تبدیلیوں کا بھی ذکر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کینسر کا سامنا کرنے کے بعد انسان پہلے جیسا نہیں رہتا اور دوبارہ معمول کی زندگی کی طرف لوٹنا ایک مشکل عمل ہوتا ہے۔ انہوں نے دیگر مریضوں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے اس بات پر بھی زور دیا کہ بیماری کے دوران انسان کو اپنے خاندان اور دوسروں کی مدد اور ساتھ کی ضرورت ہوتی ہے۔

یہ دستاویزی فلم صرف شہزادی کی ذاتی کہانی تک محدود نہیں بلکہ اس میں کینسر سے متاثرہ دیگر افراد کے تجربات بھی شامل ہیں۔ فلم کے ذریعے کیٹ مڈلٹن کینسر کے مریضوں اور صحت یابی کے مراحل سے گزرنے والے افراد کو یہ پیغام دینا چاہتی ہیں کہ مشکل حالات میں وہ تنہا نہیں ہیں اور امید و خوشی کے لمحات بھی زندگی کا حصہ بن سکتے ہیں۔