بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان لکھنؤ میں شیڈول چوتھا ٹی ٹوئنٹی میچ خراب موسم اور شدید دھند کے باعث بغیر کوئی گیند پھینکے ہی منسوخ ہو گیا۔
میچ کی منسوخی کے بعد شائقین کرکٹ نے بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) پر شدید برہمی کا اظہار کیا اور ٹکٹ کی رقم واپس کرنے کا مطالبہ کیا۔اس معاملے پر طویل خاموشی کے بعد بی سی سی آئی نے واضح کیا کہ منسوخ شدہ میچ کے ٹکٹوں کی رقم واپس کرنا براہِ راست بورڈ کی ذمہ داری نہیں، بلکہ یہ کام میزبان ریاستی کرکٹ ایسوسی ایشن یعنی اتر پردیش کرکٹ ایسوسی ایشن (یو پی سی اے) انجام دے گی۔بی سی سی آئی کے نائب صدر راجیو شکلا نے کہا کہ اگر میچ ایک بھی اوور کے بغیر منسوخ ہو جائے تو شائقین مکمل ریفنڈ کے حقدار ہیں، تاہم اس عمل کی نگرانی اور ادائیگی ریاستی ایسوسی ایشن کرے گی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ہزاروں شائقین نے ٹکٹ خریدے تھے اور ریفنڈ کی مجموعی رقم کروڑوں روپے بنتی ہے، لیکن بی سی سی آئی کو براہِ راست مالی نقصان کا سامنا نہیں ہوگا۔ٹکٹ کی رقم کی واپسی کے دوران ممکنہ طور پر آن لائن سروس چارجز یا پروسیسنگ فیس منہا کی جا سکتی ہے۔اب شائقین کی توجہ یو پی سی اے پر مرکوز ہے کہ وہ ریفنڈ کا عمل کتنی جلدی اور شفاف طریقے سے مکمل کرتی ہے۔