وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ہجرت کے عالمی دن کے موقع پر اپنا پیغام جاری کیا ہے جس میں انہوں نے ہجرت کے اہم پہلوؤں اور اوورسیز پاکستانیوں کے کردار پر روشنی ڈالی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ ہجرت انسانیت کا ایک بنیادی حق ہے اور یہ سنت نبویؐ بھی ہے۔ قیام پاکستان کے بعد دنیا بھر میں سب سے بڑی ہجرت کی گئی اور یہ معاشرتی، اقتصادی اور ثقافتی تبدیلیوں کا سبب بنی ہے۔مریم نواز شریف نے بتایا کہ ہجرت نئی توانائی، تنوع اور مواقع فراہم کرتی ہے اور پاکستان کی ترقی میں اوورسیز پاکستانیوں کا کردار ناقابل فراموش ہے۔ وہ ہر سال اربوں ڈالر ترسیلاتِ زر بھیج کر ملک کی معیشت کو مضبوط بناتے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ ہجرت صرف نقل مکانی نہیں بلکہ ہنر، قابلیت، جدت اور تجربے کا عالمی تبادلہ ہے، جس سے دنیا بھر میں مزدور، پروفیشنلز اور طلبہ کے لیے نئی راہیں کھلتی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہجرت مختلف معاشروں کو قریب لاتی ہے اور انسانی حقوق، تحفظ اور عزت دار سلوک ہر مہاجر کا بنیادی حق ہے۔
مریم نواز شریف نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ ہجرت کے حق کی پاسداری کریں کیونکہ یہ ذمہ داری ہم سب کی مشترکہ ہے۔ اوورسیز پاکستانی ملک کے سفیر ہیں اور ان کا کردار معاشی و سماجی ترقی میں اہم ہے۔ساتھ ہی انہوں نے غیر قانونی مائیگریشن پر بھی زور دیا، جس سے جانوں کا خطرہ اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر قانونی مائیگریشن کے خلاف شعور بیدار کرنا اور قانونی راستوں کو فروغ دینا بہت ضروری ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب حکومت اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل، شفافیت اور سروس ڈیلیوری کو بہتر بنانے کے لیے کوشاں ہے۔