لاہور: عالمی یوم ماحولیات کے موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر "پلاسٹک و آلودگی سے پاک پنجاب" مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔
اس مہم کا مقصد صوبے کو ماحولیاتی آلودگی، خاص طور پر پلاسٹک کے مضر اثرات سے محفوظ بنانا ہے۔مہم کے دوران سرکاری و نجی اسکولوں، دفاتر اور محکمہ ماحولیات کے زیراہتمام بھرپور سرگرمیاں کی جا رہی ہیں، جن میں آگاہی سیمینارز، طلبہ کے لیے آگاہی سیشنز اور شجرکاری مہم شامل ہیں۔ مختلف تقریبات میں انوائرنمنٹل پروٹیکشن ایجنسی (EPA) کے افسران نے شہریوں کو بتایا کہ پلاسٹک کا استعمال انسانی صحت، آبی حیات اور زمین کے لیے کس قدر نقصان دہ ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اس موقع پر ایک خصوصی پیغام میں کہا:
"ماحولیاتی تحفظ زندگی کا تحفظ ہے، نوجوانوں کو ماحول دوست فورس بننا ہوگا۔ ہمیں پلاسٹک کا استعمال ترک کر کے متبادل ذرائع، جیسے کپڑے اور کاغذ کے تھیلے اپنانے ہوں گے۔ یہ ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔"
طلبہ کو ماحول دوست رویوں کی تربیت دیتے ہوئے کپڑے کے تھیلوں اور کاغذی اشیاء کے استعمال کی ترغیب دی گئی۔ متعدد اسکولوں میں ماحولیات سے متعلق پراجیکٹس اور تقاریر کا انعقاد بھی کیا گیا۔محکمہ ماحولیات کی جانب سے سرکاری و نجی دفاتر میں پلاسٹک بیگز کے استعمال پر پابندی کی سختی سے ہدایات جاری کی گئی ہیں، جبکہ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اس مہم میں بھرپور حصہ لے کر ایک صاف، سرسبز اور محفوظ پنجاب کے قیام میں اپنا کردار ادا کریں۔یہ مہم صوبے میں پائیدار ماحولیاتی نظام کے قیام کی طرف ایک اہم قدم قرار دی جا رہی ہے۔