عوام کی حفاظت ذمہ داری، انتشار پھیلانے کی اجازت نہیں دیں گے: مریم نواز

عوام کی حفاظت ذمہ داری، انتشار پھیلانے کی اجازت نہیں دیں گے: مریم نواز

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ صوبے کے عوام کے جان و مال کی حفاظت ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے اور کسی بھی صورت میں انتشار پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

انہوں نے یہ بات وزیرآباد اور میانوالی کے ارکان اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز سے ملاقات کے دوران کہی، جس میں عوامی مسائل، ضروریات اور ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ نے اپنے خصوصی پراجیکٹس کو سراہا اور پارلیمنٹرینز نے گرین بس پراجیکٹ کے آغاز پر خصوصی شکریہ ادا کیا، جس کے ذریعے دیہاتوں تک رسائی میں آسانی پیدا ہوئی ہے۔ انہوں نے ستھرا پنجاب پراجیکٹ کی بھی تعریف کی۔ پارلیمنٹرینز نے امن و امان کی صورتحال پر وزیراعلیٰ کے ساتھ مکمل ہم آہنگی کا عہد کیا اور صوبے میں کاروباری سرگرمیاں بڑھانے کے لیے ای-بز پورٹل کے لانچ کو سراہا۔اس موقع پر، ارکان پارلیمنٹ نے نجی املاک پر ناجائز قبضہ ختم کرنے کے تاریخی اقدام کو بھی زبردست سراہا۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ عوام کی خدمت ہی مسلم لیگ (ن) اور قائد محمد نواز شریف کا منشور ہے، اور مختلف منصوبوں جیسے کسان کارڈ، گھر کی دہلیز پر مفت ادویات، اور دیگر ترقیاتی اقدامات سے صوبے کی خوشحالی کی راہ ہموار ہو رہی ہے۔

 انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں پہلی بار 30 لاکھ افراد کو 10 ہزار روپے کا پے آرڈر گھر کی دہلیز پر پہنچایا گیا ہے، جبکہ 15 لاکھ افراد کو راشن کارڈ کے ذریعے ماہانہ تین ہزار روپے فراہم کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے زور دیا کہ عوام کے جان و مال کی حفاظت ریاست کی ذمہ داری ہے اور انتشار کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ وہ روز اول سے مخلوق خدا کی خدمت کے عزم پر قائم ہیں، اور کسانوں سمیت دیگر شعبوں کی ترقی کے لیے کوشاں ہیں۔ مستقبل میں بھی بڑے بڑے ترقیاتی منصوبے عوام کے لیے منتظر ہیں۔پارلیمنٹرینز نے کہا کہ گرین بس دیہات تک پہنچ گئی ہے، میانوالی کے عوام وزیراعظم کی قیادت اور ترقیاتی پراجیکٹس کی تعریف کرتے ہیں، اور مریم نواز کی قیادت میں صوبے کی تقدیر بدل دی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میانوالی کے بعد وزیرآباد سے گرین بس پراجیکٹ کا آغاز ثابت کرتا ہے کہ وہ وعدے پورے کرنے والی قیادت ہیں اور ان کے ترقیاتی اقدامات نے عوام کے دل جیت لیے ہیں۔