زمین کا تحفظ ہر فرد اور کمیونٹی کی کلیدی ذمہ داری ہے:وزیر اعظم شہباز شریف

زمین کا تحفظ ہر فرد اور کمیونٹی کی کلیدی ذمہ داری ہے:وزیر اعظم شہباز شریف

وزیر اعظم شہباز شریف نے زمین کے تحفظ کو اجتماعی اور کلیدی ذمہ داری قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہر فرد اور ہر کمیونٹی کو ماحولیاتی تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

ارتھ آور کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم نے قوم سے اپیل کی کہ رات 8:30 بجے سے 9:30 بجے تک ایک گھنٹے کے لیے بجلی اور غیر ضروری روشنی بند یا کم سے کم استعمال کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ارتھ آور محض علامتی نہیں بلکہ ایک عالمی لمحۂ فکر ہے جو پائیدار اور مضبوط ماحولیاتی مستقبل کے لیے عزم کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ ارتھ آور کا پیغام صرف لائٹس بند کرنے تک محدود نہیں بلکہ ہر فرد اور کمیونٹی کو ماحولیاتی ذمہ داری اور تحفظ پر مبنی طرز عمل اختیار کرنے کی ترغیب دیتا ہے، جس کے مجموعی اثرات ایک بڑی مثبت معاشرتی تبدیلی کا سبب بن سکتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان گلوبل وارمنگ کے لیے کم ذمہ دار ہے، لیکن سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں شامل ہے۔ شدید سیلاب، خشک سالی اور ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات روزمرہ زندگی، خوراک اور پانی کے بنیادی ڈھانچے کے لیے خطرہ ہیں۔

 حکومت ان چیلنجز سے نمٹنے کے لیے موسمیاتی مزاحمت پر مبنی ترقیاتی ایجنڈے پر کام کر رہی ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت کے عملی اقدامات میں اپ اسکیلنگ گرین پاکستان پروگرام، لیونگ انڈس انیشی ایٹو، ریچارج پاکستان، اور جدید وارننگ سسٹمز شامل ہیں۔ انہوں نے عوام سے دعوت دی کہ عالمی مہم میں بھرپور شرکت کریں اور ماحول دوست پیغام کو مستقل طرز عمل میں بدلیں تاکہ آنے والی نسلوں کے لیے ایک سرسبز، محفوظ اور مضبوط پاکستان بنایا جا سکے۔