پانی کے وسائل کی حفاظت ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے، وزیراعلیٰ سندھ

پانی کے وسائل کی حفاظت ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے، وزیراعلیٰ سندھ

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے پانی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں پانی کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پانی زندگی ہے اور اس کی حفاظت ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

 انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ پانی کے ضیاع کو روکا جائے تاکہ ہماری نسلوں کے لیے ایک محفوظ اور خوشحال مستقبل یقینی بنایا جا سکے۔مراد علی شاہ نے سندھ میں پانی کی شدید قلت پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ پانی کے بحران کی وجہ سے زراعت اور معیشت کو سنگین خطرات لاحق ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ کے کسان اور ماہی گیر اس بحران سے متاثر ہو رہے ہیں، اور دریائے سندھ کے بہاؤ میں کمی کے سبب لاکھوں لوگوں کا روزگار خطرے میں پڑ گیا ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے ماحولیاتی تبدیلی اور پانی کی غیر منصفانہ تقسیم کو پانی کے بحران کی وجوہات قرار دیتے ہوئے کہا کہ دریائے سندھ کی خشک لہریں زمین کی زرخیزی اور زندگی کے لیے خطرے کی گھنٹی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ سندھ کے پانی کے حقوق پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور نئے کینال بنانے کے منصوبوں پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔

 ان کا کہنا تھا کہ ان فیصلوں سے پانی کے بحران میں مزید اضافہ ہو گا۔انہوں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ پانی کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنایا جائے تاکہ تمام صوبوں کو ان کے حصے کا پانی مل سکے۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ کی زرخیز زمین کے لیے پانی دستیاب نہ ہونے کے باوجود نئے کینال بنانے کے فیصلے سندھ کی زمین اور کسانوں کے لیے نقصان دہ ثابت ہوں گے۔وزیراعلیٰ سندھ نے اس بات پر زور دیا کہ سندھ کا پانی انڈس ڈیلٹا تک نہیں پہنچ رہا، جس کی وجہ سے لاکھوں ایکڑ اراضی سمندر برد ہو چکی ہے۔ انہوں نے سندھ حکومت کی تیار کردہ حکمت عملی کا ذکر کیا جس کے تحت پانی کے بحران سے نمٹنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔مراد علی شاہ نے عوام سے درخواست کی کہ وہ پانی کے ہر قطرے کی حفاظت کریں کیونکہ پانی کے بغیر زندگی ممکن نہیں۔