پنجاب کے شہر موہالی میں جاری کبڈی ٹورنامنٹ کے دوران افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، نامعلوم حملہ آوروں نے سیلفی کے بہانے فائرنگ کر کے ایک کبڈی کے کھلاڑی کو قتل کر دیا ہے۔پولیس کے مطابق، مقتول کی شناخت رانا بالاچوریا کے طور پر ہوئی ہے۔ گزشتہ روز، دو سے تین افراد موٹرسائیکل پر سوار ہوکر کبڈی گراؤنڈ میں آئے اور تصویر بنانے کا بہانہ کیا۔ اسی دوران، انہوں نے اچانک رانا بالاچوریا پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔حملے میں، رانا بالاچوریا کے چہرے اور جسم کے اوپری حصے پر چار سے پانچ گولیاں لگیں، جس کے بعد وہ شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیے گئے جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں نے تصویر کھینچنے کے بہانے کھلاڑیوں کے قریب آئے اور اچانک فائرنگ شروع کر دی۔ تفتیش جاری ہے اور مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد جمع کیے جا رہے ہیں، اور واقعے کو گینگ وار کے تناظر میں بھی دیکھا جا رہا ہے۔دریں اثنا، بدنام زمانہ بمبیہا گینگ نے سوشل میڈیا پر جاری ایک بیان میں اس قتل کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ رانا بالاچوریا نے پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کے قاتلوں کو پناہ دی تھی، اور اسی وجہ سے اسے قتل کیا گیا۔