بھارتی ریاست مہاراشٹر کے شہر ناگپور میں 29 سالہ قومی کبڈی کھلاڑی کرن سوراج دادھے نے مبینہ طور پر ذہنی ہراسانی اور وعدہ خلافی کے باعث اپنی زندگی کا خاتمہ کرنے کی کوشش کی۔
پولیس کے مطابق، کرن نے یہ اقدام اپنے شوہر سواپنیل جیدو لامبگھارے کی جانب سے کیے گئے وعدوں کو پورا نہ کرنے اور مسلسل ذہنی دباؤ کے باعث اٹھایا۔کرن نے 2020 میں سواپنیل سے شادی کی تھی۔ شادی سے قبل سواپنیل نے کرن اور اس کے بھائی کو ملازمت دلانے کا وعدہ کیا تھا تاکہ ان کی مالی مشکلات حل ہو سکیں، لیکن بعد میں کرن کو احساس ہوا کہ یہ وعدے صرف دھوکہ تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ سواپنیل نہ صرف نوکری کے وعدے پر عملدرآمد نہیں کر رہا تھا بلکہ کرن پر دباؤ ڈالنا، ذہنی اذیت دینا اور نامناسب مطالبات بھی کرتا تھا۔ اس صورتحال سے تنگ آ کر کرن اپنے والدین کے پاس منتقل ہو گئی۔
رپورٹ کے مطابق، سواپنیل کی جانب سے کرن کو دھمکی آمیز پیغامات بھی موصول ہوتے رہے، جنہیں کرن نے اپنے موبائل میں محفوظ کیا تھا۔ اہل خانہ کے مشورے سے، کرن نے فیملی کورٹ میں طلاق کی درخواست بھی دائر کی تھی۔ 4 دسمبر کو، کرن نے مبینہ طور پر زہر کھا کر خودکشی کی کوشش کی۔ اسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں تین روز بعد وہ جانبر نہ ہو سکیں۔