ایس پی سِول لائنز چوہدری اثر علی کی زیر صدارت میٹنگ

لاہور(کرائم رپورٹر)ایس پی سِول لائنز چوہدری اثر علی کی زیر صدارت سِول لائنز ڈویڑنل کرسچن کمیونٹی کے ساتھ خصوصی میٹنگ منعقد ہوئی جس میں کرسچن کمیونٹی کے عہدیداران اور اراکین نے شرکت کی۔ترجمان پولیس کے مطابق میٹنگ میں 25 دسمبر (کرسمس) کے موقع پر سکیورٹی انتظامات اور درپیش مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ کرسچن کمیونٹی کے شرکاء￿  نے کرسمس کے حوالے سے سکیورٹی سے متعلق خدشات اور مسائل سے آگاہ کیاایس پی سِول لائنز چوہدری اثر علی نے اس موقع پر کہا کہ سکیورٹی سے متعلق تمام مسائل کو اولین ترجیحات پر حل کیا جائے گا۔ انہوں نے کرسچن کمیونٹی سے اپیل کی کہ سکیورٹی معاملات میں پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔ایس پی نے واضح کیا کہ ہوائی فائرنگ اور ون ویلنگ کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور ایسے عناصر کو گرفتار کیا جائے گا۔ خواتین کے حوالے سے جرائم کی روک تھام کے لیے تھانوں کی سطح پر ویمن ڈیسک قائم کیے جائیں گے۔عبادت کے لیے آنے والے افراد کی چیکنگ کو یقینی بنایا جائے گا جبکہ پارکنگ گرجا گھروں سے مناسب فاصلے پر بنائی جائے گی۔ مشکوک سرگرمیوں کی فوری اطلاع پولیس ہیلپ لائن 15 پر دینے کی ہدایت بھی کی گئی۔گرجا گھروں اور کرسچن آبادیوں کے گردونواح میں سرچ آپریشنز اور مؤثر پٹرولنگ جاری ہے۔ ایس پی سِول لائنز چوہدری اثر علی نے کہا کہ باہمی تعاون سے کرسمس کی خوشیوں کو محفوظ بنائیں گے۔