گورنمنٹ اصلاحِ معاشرہ ہائی سکول شاد باغ میں ہنگامی مشقیں

لاہور (کرائم رپورٹر)امن و امان کو برقرار رکھنے کے پیش نظر لاہور سٹی ڈویژن پولیس کی جانب سے گورنمنٹ اصلاحِ معاشرہ ہائی سکول شاد باغ میں ہنگامی مشقوں (موک ایکسرسائز) کا انعقاد کیا گیا۔ مشقوں کی نگرانی ڈی ایس پی احسان اشرف بٹ نے کی۔ہنگامی مشقوں میں سٹی پولیس، ایلیٹ فورس، ریسکیو 1122، ڈولفن اسکواڈ، پی آر یو سمیت دیگر سیکیورٹی اداروں نے بھرپور شرکت کی۔ اس موقع پر سکول کی طالبات اور اساتذہ کو ہنگامی صورتحال میں محفوظ رہنے، بروقت ردِعمل دینے اور محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کے طریقہ کار سے آگاہ کیا گیاایس پی سٹی بلال احمد کے مطابق موک ایکسرسائز کے دوران فرضی دہشت گردوں کو گرفتار کرنے اور کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کا عملی مظاہرہ کیا گیا۔ مشقوں کے ذریعے پولیس ریسپانس اور دیگر اداروں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ بھی لیا گیاپولیس ریسپانس کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اس نوعیت کی ہنگامی مشقوں کا باقاعدگی سے انعقاد کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ تعلیمی اداروں سمیت تمام اہم مقامات کی سیکیورٹی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہنگامی مشقوں کا بنیادی مقصد امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنا اور پولیس سمیت تمام متعلقہ اداروں کے باہمی تعاون اور ردِعمل کو مزید بہتر بنانا ہے۔