لاہور(کرائم رپورٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے منڈی بہاؤالدین میں شادی کی تقریب میں مخالفین کی فائرنگ سے2 افرادجابحق اور3 زخمی ہونے کے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی اوگوجرانوالہ سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔آئی جی پنجاب نے ڈی پی او منڈی بہاؤالدین کو فائرنگ میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ملزمان کی گرفتاری کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائیں۔ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ مقتولین میں انار اورطارق جبکہ زخمیوں میں خضر حیات، عمران اور شاہد تارڑ شامل ہیں۔ڈی پی او منڈی بہاؤالدین عبدالرحیم شیرازی نے بتایا کہ پولیس نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور تفتیش کے تمام پہلوؤں پر کام جاری ہے۔ڈی پی اومنڈی بہاؤالدین نے کہا کہ ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔