ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی‘ موٹروے پولیس کی کارروائیاں 3 مقدمات درج کرلیے

لاہور (کرائم رپورٹر) موٹروے پولیس ایم سی ون زون کی ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں اور جرائم کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ موٹروے پولیس نے مختلف واقعات میں تین مقدمات درج کروا دیے۔ترجمان موٹروے پولیس سید عمران احمد کے مطابق موٹروے ایم تھری پر پیر محل کے قریب ایک گاڑی کو 174 کلومیٹر فی گھنٹہ کی خطرناک رفتار سے چلانے پر روک کر ڈرائیور کے خلاف قانونی کارروائی کی گئی، جس کے نتیجے میں تھانہ رجانہ، ٹوبہ ٹیک سنگھ میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔دوسری کارروائی میں موٹروے ایم تھری ننکانہ صاحب کے قریب ایک اوورلوڈ ٹریلر کو روکا گیا۔ جانچ پڑتال کے دوران گاڑی مقررہ وزن سے زائد لدی ہوئی پائی گئی، جس پر ڈرائیور کے خلاف قانونی کارروائی کرتے ہوئے تھانہ شرقپور شریف، ضلع شیخوپورہ میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔اسی طرح سیال موڑ سروس ایریا میں رقم چوری کے اسکینڈل پر بھی فوری قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی اور تھانہ لکسیاں، ضلع سرگودھا میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔ترجمان کے مطابق موٹروے پولیس سڑکوں پر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے ساتھ ساتھ شہریوں کے تحفظ اور جرائم کی روک تھام کے لیے بھی م ئوثر اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔