لاہور(کرائم رپورٹر) ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر کی ہدایات پر صوبے بھر میں جاری قانون سب کے لیے برابر مہم کے دوران چھ دنوں میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے 2600 پولیس اہلکاروں کو چالان جاری کیے گئے ہیں۔ ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق یہ مہم وزیر اعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں 100 فیصد قانون پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے چلائی جارہی ہے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر 434 پولیس اہلکاروں کی گاڑیاں بند کی گئیں، جبکہ سنگین خلاف ورزیوں میں ملوث 10 پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمات بھی درج کیے گئے ہیں۔کارروائی کے دوران 500 سے زائد دیگر سرکاری گاڑیوں پر بھاری جرمانے عائد کیے گئے، جبکہ 312 سرکاری گاڑیاں زیرِ ٹالرنس پالیسی کے تحت بند کی گئیں۔ اس کے علاوہ 5 سرکاری ڈرائیوروں کے خلاف بھی ایف آئی آر کا اندراج کیا گیا ہیڈی آئی جی ٹریفک محمد وقاص نذیر کا کہنا ہے کہ صوبے میں ڈرائیونگ کرنے والا کوئی بھی شخص قانون سے بالاتر نہیں، اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر صوبے میں ٹریفک قوانین پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنایا جارہا ہے۔