لیپ ٹاپ سکیم دوبارہ شروع کرنے کی تیاری

 پنجاب میں میرٹ پر فیصلے ہوئے ،ذہین طلبا و طالبات کو سکالرشپ پر بیرون ملک بھجوائیں گے:وزیر تعلیم 
 لاہور ( کرائم  رپورٹر ) صوبائی وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے صوبے بھر کے کالجوں میں لیپ ٹاپ سکیم دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ذہین طلبا و طالبات کو سکالرشپ پر بیرون ملک بھجوائیں گے، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شعبہ تعلیم کی ترقی کے لئے ہر مثبت قدم اٹھا رہی ہیں، امسال ایم بی بی ایس میں 14 ہزار طلبا و طالبات کا داخلہ سکالرشپ پر ہوا ہے ،پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار ٹرانسفر پوسٹنگ کے لئے رشوت یا سفارش نہیں بلکہ میرٹ پر فیصلے ہوئے ،چار ڈویڑن میں خواتین کو ڈائریکٹر کالجز کی ذمہ داری سونپی گئی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز راولپنڈی ڈویڑن میں داخلہ مہم میں بہترین کارگردگی کا مظاہر ہ کرنے والے کالج سربراہان میں شیلڈز و تعریفی اسناد کی تقسیم کرنے کے لئے منعقدہ تقریب سے خطاب میں کیا۔صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کہا کہ تعلیم کے بغیر ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا، خواتین کو بااختیار بنا نا چاہتے ہیں، ہائیر ایجوکیشن کی وزارت خاتون کے پا س ہونے کا خواب بھی دیکھتا ہوں،ایم ڈی کیٹ، ای کیٹ کے کامیاب تجربے کے بعد دیگر پروگرام بھی شروع کررہے ہیں۔