سعودی شوریٰ کونسل کے چیئرمین کا پاکستان پارلیمنٹ ہاؤس کا دورہ، تعلقات مستحکم کرنے پر تبادلہ خیال

سعودی شوریٰ کونسل کے چیئرمین کا پاکستان پارلیمنٹ ہاؤس کا دورہ، تعلقات مستحکم کرنے پر تبادلہ خیال

اسلام آباد: سعودی عرب کی شوریٰ کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر عبداللہ بن محمد بن ابراہیم الشیخ اپنے پارلیمانی وفد کے ہمراہ پاکستان کے پارلیمنٹ ہاؤس پہنچے، جہاں ان کا استقبال اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کیا۔

 اس موقع پر دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات ہوئی، جس میں دونوں ممالک کے پارلیمانی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور تعاون بڑھانے پر تفصیل سے بات چیت کی گئی۔اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے سعودی شوریٰ کونسل کے چیئرمین اور ان کے وفد کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام اور پارلیمنٹ سعودی عرب اور اس کے عوام کے لیے گہرے احترام کا جذبہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے، دونوں ممالک نے ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے اور پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنی بے مثال دوستی پر فخر کرتا ہے۔اسپیکر نے مزید کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات باہمی اعتماد اور احترام پر مبنی ہیں، اور دونوں ممالک مشترکہ مذہب، ثقافت اور تاریخ کے اٹوٹ رشتہ میں جڑے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی روابط میں اضافہ دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔

اسپیکر ایاز صادق نے سعودی عرب کی قیادت اور عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک اہم علاقائی و عالمی مسائل پر یکساں موقف رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سعودی شوریٰ کونسل کے چیئرمین کا حالیہ دورہ پاکستان، دونوں ممالک کی پارلیمانوں میں تعاون کو فروغ دینے کے لیے ایک سنگ میل ثابت ہوگا اور پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے مفاہمتی یادداشتوں کو عملی جامہ پہنانا چاہتا ہے۔دوسری جانب، سعودی شوریٰ کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر عبداللہ بن محمد بن ابراہیم الشیخ نے اسپیکر قومی اسمبلی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں پاکستانی پارلیمنٹ کا کردار قابل ستائش ہے۔ انہوں نے پارلیمانی، اقتصادی، تجارتی اور تعلیمی شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا، کیونکہ اس سے دونوں ممالک کے عوام کے بہترین مفاد میں بہتری آئے گی۔

ڈاکٹر عبداللہ بن محمد بن ابراہیم الشیخ نے مسلم امہ کو درپیش چیلنجز کے حل کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم دنیا کے مسائل کے حل کے لیے اتحاد اور یکجہتی کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ سعودی شوریٰ کونسل کے چیئرمین نے پارلیمانی وفود کے تبادلوں میں اضافے اور دو طرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

اس دورے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی سطح پر تعلقات کو مزید مستحکم کرنا اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانا ہے، جو دونوں ممالک کی عوام کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگا۔