پاک فضائیہ کے چیف آف ائیر سٹاف، ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سعودی عرب پہنچ گئے، جہاں انہوں نے سعودی چیف آف جنرل سٹاف، لیفٹیننٹ جنرل فیاض الرویلی سے ملاقات کی۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے عسکری تعلقات اور دیگر اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران سعودی چیف آف سٹاف نے ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر کا گرمجوشی سے استقبال کیا۔ دونوں رہنماؤں نے پاک سعودی عسکری تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور علاقائی سکیورٹی سمیت مختلف مشترکہ چیلنجز پر بات چیت کی۔اس موقع پر ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر نے سعودی فضائیہ کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل ترکی بن بندر بن عبدالعزیز سے بھی ملاقات کی، جس میں دونوں فضائی افواج کے درمیان دو طرفہ تعاون کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ملاقات میں سعودی عرب اور پاکستان کے دیگر عسکری افسران بھی موجود تھے، جنہوں نے دفاعی تعاون کو فروغ دینے کے لیے مختلف منصوبوں اور سرگرمیوں پر تبادلہ خیال کیا۔