اسلام آباد میں ایوانِ صدر میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے پاکستان میں تعینات سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے اہم ملاقات کی۔
ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، تجارت، معیشت اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے سے متعلق امور پر گفتگو ہوئی۔ملاقات کے دوران وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی موجود تھے۔صدر آصف علی زرداری نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات باہمی اعتماد، برادرانہ رشتوں اور مشترکہ عقیدے پر مبنی ہیں۔ دونوں ممالک نے ہمیشہ مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے اور پاکستان، سعودی عرب کی مسلسل معاونت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔صدر نے مزید کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب عالمی اور علاقائی امور پر یکساں مؤقف رکھتے ہیں اور عالمی سطح پر ایک دوسرے کی حمایت جاری رکھیں گے۔ انہوں نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے لیے نیک تمناؤں کا بھی اظہار کیا۔