ویب ڈیسک: بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق ون ڈے کپتان روہت شرما نے بالآخر شوبمن گل کو ٹیم کی قیادت سونپے جانے کے بعد خاموشی توڑ دی۔
ممبئی میں منعقدہ سی ای اے ٹی کرکٹ اسٹینڈنگ ایوارڈز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے 38 سالہ روہت شرما نے اپنی کپتانی کے دور، ٹیم کے سفر اور قیادت میں تبدیلی پر گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ ’’میں اس ٹیم سے محبت کرتا ہوں، یہ سفر ایک بار نہیں بلکہ کئی بار ہوا ہے۔‘‘روہت نے 2023 ورلڈ کپ فائنل میں شکست کے بعد ٹیم کی شاندار واپسی کو یادگار قرار دیا اور کہا کہ راہول ڈریوڈ اور کھلاڑیوں کے اتحاد نے بھارت کی جیت کی سوچ کو پروان چڑھایا۔ انہوں نے زور دیا کہ ’’یہ کامیابیاں کسی ایک کھلاڑی کی نہیں بلکہ پوری ٹیم کے جذبے اور محنت کا نتیجہ ہیں۔‘‘سابق کپتان نے بتایا کہ ہر جیت کے بعد ٹیم نے اگلے چیلنج پر توجہ دی، جس سوچ نے انہیں اور راہول ڈریوڈ کو بڑے ٹورنامنٹس کے لیے بہتر منصوبہ بندی میں مدد دی۔
روہت نے کہا کہ اگرچہ چیمپئنز ٹرافی سے قبل راہول ڈریوڈ کی جگہ گاؤتم گمبھیر نے بطور کوچ ذمہ داری سنبھالی، لیکن ٹیم کی بنیاد وہی رہی جو 2023 میں رکھی گئی تھی۔ ’’ہم اُس وقت جیت نہیں سکے، مگر ایک خاص ٹیم کی شروعات کر چکے تھے،‘‘ روہت نے کہا۔واضح رہے کہ روہت شرما ون ڈے اور ٹیسٹ دونوں فارمیٹس کی قیادت شوبمن گل کو سونپ چکے ہیں، تاہم انہوں نے تصدیق کی ہے کہ وہ بھارت کے آئندہ آسٹریلیا کے دورے میں ٹیم کا حصہ ہوں گے۔