جعلی وفاقی حکومت نے تنخواہ دار طبقے کو فارم 47کے طرز پر جعلی ریلیف دیا :بیرسٹرسیف

وفاقی بجٹ شریف خاندان کے بزنس ونگ کا بجٹ اور عوام کیلئے ڈرائونا خواب ہے،مشیراطلاعات
پشاور(آئی این پی )مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے وفاقی بجٹ 20225-26کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے غریب عوام کے لیے ڈرائونا خواب قرار دے دیا۔اپنے ایک بیان میں بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ مہنگائی کی موجودہ شرح کے مقابلے میں تنخواہوں میں کیا گیا اضافہ اونٹ کے منہ میں زیرہ کے مترادف ہے جو عوام کے ساتھ ایک مذاق ہے، بجٹ میں پٹرول اور بجلی پر ٹیکسوں میں اضافے سے مہنگائی کا نیا طوفان آئے گا جو پہلے سے پریشان عوام کے مسائل میں مزید اضافہ کرے گا، سولر پینلز پر بھی ٹیکس عائد کر کے حکومت نے غریب عوام سے ان کا آخری سہارا بھی چھین لیا ہے۔بیرسٹر سیف نے مزید کہا ہے کہ مہنگی ترین بجلی، طویل لوڈشیڈنگ اور اب سولر پینلز پر ٹیکس کے بعد عوام کے لیے جینے کا کوئی راستہ باقی نہیں رہا، جعلی وفاقی حکومت نے تنخواہ دار طبقے کو فارم 47کے طرز پر جعلی ریلیف دیا ہے۔انہوں نے وفاقی بجٹ کو شریف خاندان کے بزنس ونگ کا بجٹ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بہتر ہوتا کہ یہ بجٹ جاتی امراء یا لندن کے مے فیئر اپارٹمنٹس میں پیش کیا جاتا۔