پاکستان کے معروف اداکار عمران اشرف سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی موت کی جعلی خبر نے مداحوں اور صارفین کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔
گزشتہ روز ایک مبینہ اے آئی سے تیار کردہ ویڈیو تیزی سے وائرل ہوئی، جس میں دعویٰ کیا گیا کہ عمران اشرف انتقال کر گئے ہیں۔ اس خبر کے پھیلنے کے بعد اداکار نے خود اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اسٹوری کے ذریعے اس کی تردید کی۔ عمران اشرف نے اپنی اسٹوری میں لکھا کہ "الحمدللہ، میں بالکل ٹھیک ہوں اور میرے انتقال سے متعلق سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی خبر جھوٹی ہے۔" اداکار کی جانب سے یہ وضاحت سامنے آنے کے بعد، سوشل میڈیا صارفین نے اے آئی سے بنائے گئے گمراہ کن مواد پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور حساس نوعیت کی خبروں کو بغیر تصدیق کے شیئر نہ کرنے کی ہدایت کی۔
عمران اشرف کا شمار پاکستان کے مقبول اور معروف اداکاروں میں ہوتا ہے۔ انہیں خاص طور پر ڈرامہ سیریل "رانجھا رانجھا کردی" میں بھولا کے کردار سے شہرت ملی، اور وہ حال ہی میں مقبول کامیڈی پروگرام "مذاق رات" کی میزبانی بھی کر رہے ہیں۔ اس واقعہ نے سوشل میڈیا پر جعلی خبروں کے حوالے سے ایک بار پھر حساسیت پیدا کی ہے، اور صارفین سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ تصدیق کے بغیر کوئی بھی خبر نہ شیئر کریں۔