پاکستانی ٹیلی وژن اور فلم کے معروف اداکار ہمایوں اشرف نے کہا ہے کہ موجودہ دور میں محبت کا تعلق مادّیت اور عملی سوچ سے جڑ چکا ہے، اور شادی میں مالی استحکام کو ترجیح دینا کوئی منفی بات نہیں۔
شوبز انڈسٹری میں اپنی ہمہ جہت اداکاری اور شاندار پرفارمنس کے ذریعے نمایاں مقام بنانے والے ہمایوں اشرف نے ایک حالیہ انٹرویو میں معاشرے میں خواتین کے مالی طور پر مستحکم مردوں کو ترجیح دینے کے رجحان پر کھل کر بات کی۔ان کا کہنا تھا کہ آج کی محبت حساب کتاب اور حقیقت پسندی پر مبنی ہے، اس لیے اگر کوئی لڑکی صرف اس وجہ سے کسی مرد کو مسترد کر دے کہ وہ مالی طور پر مستحکم نہیں ہے تو یہ اس کی سوچ ہے اور یہ بالکل منصفانہ بات ہے۔ انہوں نے کہا، ’’اگر میرے پاس پیسے نہ ہوں تو کوئی بھی مجھے مسترد کرسکتا ہے، اور ایسا ہونا بھی چاہیے۔‘‘
اپنی بہن کی مثال دیتے ہوئے ہمایوں اشرف نے کہا کہ اگر ماریہ ان سے کسی ایسے لڑکے کے بارے میں مشورہ کرے جو کما نہیں رہا تو وہ اسے عملی مشورہ دیں گے کہ شادی سے پہلے اچھی طرح سوچے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ خود بھی بہن یا کزن کے رشتے کے لیے لڑکے کی کمائی کو ضرور دیکھیں گے۔ہمایوں اشرف نے وضاحت کی کہ عملی زندگی میں رشتے کے فیصلے میں مالی حیثیت کو نظرانداز کرنا اکثر ممکن نہیں ہوتا، اور معاشرتی حقیقت کو تسلیم کرتے ہوئے فیصلہ کرنا بہتر ہے۔