اداکار عمران اشرف نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ ان کے نام سے سوشل میڈیا پر دھوکہ دہی کی جا رہی ہے۔
اداکار نے ایک ویڈیو پیغام میں انکشاف کیا کہ کچھ افراد نے فیس بک اور دیگر پلیٹ فارمز پر ان کے جعلی پیجز بنا رکھے ہیں، جہاں وہ سیلاب زدگان کی مدد کے نام پر عوام سے پیسے مانگ رہے ہیں۔عمران اشرف نے واضح کیا کہ ان پیجز یا اپیلوں کا ان سے کوئی تعلق نہیں ہے اور ان کے نام پر کی جانے والی تمام سرگرمیاں جعلی ہیں۔ انہوں نے مداحوں اور عوام سے اپیل کی کہ کسی بھی جھوٹی اطلاع یا فراڈ کا شکار نہ ہوں۔
اداکار کا کہنا تھا کہ اگر وہ سیلاب متاثرین کے لیے کسی قسم کی مہم یا امدادی کام کا آغاز کریں گے تو اس کا اعلان صرف اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ کے ذریعے کریں گے۔ عمران اشرف نے مزید کہا کہ وہ جلد متاثرین کے لیے عملی اقدامات اٹھانے کا ارادہ رکھتے ہیں اور ان کی بھرپور مدد کریں گے۔