مون سون کی شدید بارشوں کے باعث خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں قدرتی آفات کے خطرات میں اضافہ ہو گیا ہے۔
سوات کے سیاحتی علاقے کالام بحرین روڈ پر کلاؤڈ برسٹ کے بعد ایک اور لینڈ سلائیڈنگ کا واقعہ پیش آیا، تاہم مقامی افراد اور سیاح بروقت محفوظ مقام پر منتقل ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق کلاؤڈ برسٹ کے باعث پہاڑوں سے مٹی، پتھر اور ملبہ تیزی سے سڑک پر آ گیا، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ موقع پر موجود سیاحوں اور مقامی افراد نے فوری طور پر بھاگ کر اپنی جانیں بچائیں۔مون سون کے دوران پہاڑی علاقوں میں کلاؤڈ برسٹ، لینڈ سلائیڈنگ، گلیشیائی جھیلوں سے اچانک سیلابی ریلوں (GLOFs) اور ندی نالوں میں شدید طغیانی کے خطرات بڑھ جاتے ہیں، جس کے باعث متعلقہ ادارے مسلسل صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔محکمہ موسمیات اور مقامی انتظامیہ نے شہریوں اور سیاحوں کو ہدایت کی ہے کہ شدید بارشوں کے دوران غیر ضروری طور پر پہاڑی علاقوں کا رخ نہ کریں، جبکہ ندی نالوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے والے مقامات سے دور رہیں اور انتظامیہ کی جاری کردہ حفاظتی ہدایات پر عمل کریں۔