بھارت کی ریاست اتراکھنڈ میں شدید بارشوں اور کلاؤڈ برسٹ نے تباہی مچا دی، جس کے نتیجے میں کئی خاندان ملبے تلے دب گئے جبکہ متعدد افراد زخمی ہو گئے۔
قدرتی آفت کے باعث مختلف علاقوں میں نظام زندگی بری طرح متاثر ہوا ہے۔
اتراکھنڈ میں صورتحال
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق:گزشتہ رات ضلع رودر پریاگ اور چمولی شدید بارش سے بدترین متاثر ہوئے۔لینڈ سلائیڈنگ کے بعد دریاؤں میں طغیانی آگئی، جس سے الکنددہ اور منداکنی دریاؤں کا پانی خطرے کے نشان سے اوپر بہنے لگا۔نشیبی علاقے زیر آب آگئے، گھروں اور دکانوں میں پانی داخل ہو گیا۔کیدارناتھ ویلی کے گاؤں میں طوفانی ریلے نے ایک پل بہا دیا جس سے آمدورفت مکمل طور پر معطل ہو گئی۔
ریسکیو آپریشن
ریسکیو ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں کارروائیوں میں مصروف ہیں۔مسلسل بارش کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔مقامی انتظامیہ نے متاثرہ دیہات کے رہائشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا عمل تیز کردیا ہے۔
محکمہ موسمیات کی وارننگ
محکمہ موسمیات نے اتراکھنڈ کے مختلف علاقوں کے لیے مزید شدید بارش اور کلاؤڈ برسٹ کا الرٹ جاری کردیا ہے۔حکام نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی ہے۔
مقبوضہ کشمیر میں بھی صورتحال سنگین
بھارتی میڈیا کے مطابق:مقبوضہ کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھی شدید بارش کے بعد سیلابی کیفیت پیدا ہو گئی ہے۔نشیبی علاقے زیر آب آنے سے مقامی آبادی مشکلات کا شکار ہے۔
حکام نے ایمرجنسی انتظامات کرتے ہوئے متاثرین کو عارضی شیلٹرز میں منتقل کرنے کا عمل شروع کیا ہے۔