پولیس کی کارروائی، بدنام زمانہ منشیات فروش گرفتار

لاہور(کرائم رپورٹر) ایس پی صدر رانا حسین طاہر کی ہدایت پر منشیات فروشوں کے خلاف پولیس ایکشن میں ہے۔ ایس ایچ او گرین ٹاؤن انسپکٹر خرم شہزاد نے پولیس ٹیم کے ہمراہ بڑی کارروائی کرتے ہوئے دوران پٹرولنگ مشہور بدنام زمانہ منشیات فروش محمد یاسین اور سمیر یاسین کو منشیات سمیت گرفتار کر لیا۔ پولیس نے ان کے قبضے سے 6 کلو 400 گرام سے زائد آئس برآمد کر لی۔ ایس پی صدر رانا حسین طاہر کے مطابق ملزمان نے اعتراف کیا ہے کہ وہ آن لائن منشیات منگوا کر پوش علاقوں، تعلیمی اداروں، یونیورسٹیوں، کالجز اور ہوسٹلز کے اطراف میں نوجوان نسل کو فروخت کرتے تھے۔ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ایس پی صدر رانا حسین طاہر نے ایس ایچ او گرین ٹاؤن انسپکٹر خرم شہزاد اور پولیس ٹیم کو شاباش دی۔ ان کا کہنا ہے کہ نوجوان نسل کی بربادی اور طلبا کے مستقبل کو تباہ کرنے والے منشیات فروشوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔