پنجاب میں مہنگی چینی بیچنے پر کریک ڈائون جاری ، 27دکاندار گرفتار، 312کوجرمانے

’’میٹھا ‘‘بحران برقرار ، چینی غائب ، شہری خوا ر 
 شہری ایک کلوچینی کوبھی ترسنے لگے،دکانوں کے باہرسرکاری ریٹ کے بورڈآویزاں،چینی دستیاب نہیں، علامہ اقبال ٹائون، اچھرہ اور شادمان سمیت کئی علاقوں میں شہری چینی کی تلاش میں خوار ہو رہے 
لاہور ( خصوصی رپورٹ )لاہور میں چینی کی قلت برقرارہے، گنجان آباد علاقوں میں چینی کی فروخت بندہونے کے باعث شہری ایک کلو چینی کو بھی ترسنے لگے۔ دوکانوں کے باہر سرکاری ریٹ پر چینی کی فروخت کے بورڈ آویزاں ہیں لیکن چینی اندر دستیاب ہی نہیں ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطا بق ضلعی انتظامیہ کی جانب سے چینی کی سپلائی میں مبینہ گھپلے بھی سامنے آئے ہیں،ہول سیل ڈیلرز کی جانب سے من پسندافرادکوچینی فروخت کی جارہی ہے جبکہ مختلف علاقوں میں چھو ٹے دکاندارکوچینی نہیں دی جارہی لاہور کے علاقوں علامہ اقبال ٹائون، اچھرہ اور شادمان کی بیشتر دکانوں پر چینی دستیاب ہی نہیں ہے جبکہ دکانوں کے باہرسرکاری ریٹ پرچینی کی فروخت کے بورڈآویزاں ہیں۔پنجاب میں 24 گھنٹوں کے دوران 339 دکانداروں کیخلاف چینی کی قیمتوں میں ناجائز منافع خوری پر کارروائیاں کی گئیں، ترجمان پرائس کنٹرول کے مطابق پنجاب بھر میں 27 افراد گرفتار، 05 کیخلاف مقدمات درج جبکہ 312 افراد کو جرمانے عائد کیے گئے ہیں،اب تک مجموعی طور پر 32 ہزار 965 افراد کیخلاف کارروائیوں میں 2444 افراد گرفتار جبکہ 394 کیخلاف مقدمات درج کرائے جاچکے ہیں،لاہور ڈویژن میں 18 گراں فروشوں کیخلاف کارروائیاں کی گئیں ، گوجرانوالہ ڈویژن میں52 اور فیصل آباد میں 60 دکانداروں کیخلاف چینی کے نرخوں کی خلاف ورزی پر کارروائیاں کی گئیں، ساہیوال ڈویژن میں 10، سرگودھا 20 جبکہ راولپنڈی میں 39 ،بہاولپور ڈویژن میں 82 ،ڈی جی خان 12 جبکہ ملتان میں 46 چینی گراں فروشوں کیخلاف کارروائیاں کی گئیں، ترجمان کا بتانا تھا کہ چینی کی قیمتوں میں مصنوعی اضافے اور قلت پیدا کرنیوالوں کو گرفتار اور بھاری جرمانے عائد کیے جارہے ہیں، عام مارکیٹ میں نرخوں پر عملدرآمد میں واضح بہتری آئی ہے، چھٹی کے روز بھی پرائس کنٹرول مجسٹریٹس عام مارکیٹس میں چینی کے نرخوں کی نگرانی یقینی بنارہے ہیں۔