چینی مہنگی بیچنے پر مزید 60 دکاندار گرفتار

لاہور (کرائم رپورٹر)چینی کے مقرر کردہ نرخوں پر عملدرآمد نہ کرنیوالے دکانداروں کیخلاف پنجاب بھر میں کریک ڈائون جاری ، 24 گھنٹوں کے دوران 369 کیخلاف کارروائیاں ، 60 دکاندار گرفتار، 21 کیخلاف مقدمات درج، 288 افراد کو جرمانے عائد کر دئیے گئے۔اس حوالے سے سیکرٹری پرائس کنٹرول ڈاکٹر احسان بھٹہ کی زیر صدارت چینی کے سٹاک اور کارروائیوں بارے اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں تمام ڈپٹی ڈائریکٹرز اور ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولرز نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی،کین کمشنر پنجاب نوید شہزاد مرزا ،ایڈیشنل سیکرٹری ایڈمن، ایڈیشنل سیکرٹری کماڈیٹیز اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ اب تک 30 ہزار 28 افراد کیخلاف کارروائیوں میں 2092 افراد گرفتار، 361 کیخلاف مقدمات درج کروائے جا چکے،لاہور ڈویڑن میں 32 گرانفروشوں کیخلاف کارروائیوں میں9 گرفتار ، 3 کیخلاف مقدمات درج کروائے گئے،گوجرانولہ ڈویڑن میں36 ، فیصل آباد 53، ساہیوال ڈویڑن 22، سرگودھا 29، راولپنڈی 91،بہاولپور ڈویڑن 17،ڈی جی خان 10 جبکہ ملتان میں 79 گرانفروشوں کیخلاف کارروائیاں کی گئیں۔