غیر قانونی پتنگ بنانے ، بیچنے کیخلاف کریک ڈائون جاری : شہر بانو نقوی

ماڈل ٹائون پولیس کے مختلف مقامات پر ناکے، سیفٹی راڈ بھی تقسیم کئے جا رہے ہیں 
لاہور(کرائم رپورٹر )ایس پی ماڈل ٹا ئون شہربانو نقوی نے رات گئے ماڈل ٹا ئون ڈویڑن کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور بسنت کے حوالے سے کیے گئے سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈویڑنل ایس ایچ اوز نے ایس پی ماڈل ٹا ئون کو بسنت کے دوران کیے گئے اقدامات اور سکیورٹی پلان پر بریفنگ دی۔ایس پی شہربانو نقوی نے ڈیوٹی پر مامور پولیس افسران اور اہلکاروں کو مکمل الرٹ رہنے کی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ماڈل ٹا ئون ڈویڑن میں ڈرونز اور سیف سٹی کیمروں کے ذریعے مسلسل مانیٹرنگ جاری ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بروقت نمٹا جا سکے۔ایس پی ماڈل ٹا ئون کے مطابق غیر قانونی پتنگ سازی اور پتنگ فروشی کے خلاف بھرپور کریک ڈا ئون جاری ہے، جبکہ اہم مقامات پر پولیس کی جانب سے ناکے بھی لگائے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ ماڈل ٹا ئون ڈویڑن کی پولیس شہریوں میں آگاہی پیدا کرنے کے لیے مختلف مقامات پر آگاہی کیمپ لگا رہی ہے اور سیفٹی راڈز بھی تقسیم کی جا رہی ہیں۔ایس پی شہربانو نقوی نے خبردار کیا کہ حکومتی احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کریں اور اپنی اور دوسروں کی جانوں کو خطرے میں نہ ڈالیں۔