چینی مہنگی بیچنے پر 79 گرفتار

 پنجاب میں 915 دکانداروں کیخلاف کارروائی 836 گرانفروشوں کو جرمانے :ترجمان پرائس کنٹرول 
لاہور (خصوصی رپورٹ )چینی کے مقرر کردہ نرخوں پر عملدر آمد نہ کرنیوالوں کیخلاف کریک ڈا ئون جاری ہے۔ترجمان پرائس کنٹرول اینڈ کماڈیٹیز مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب بھر میں 915 دکانداروں کیخلاف چینی کی قیمتوں میں ناجائز منافع خوری پر کارروائیاں کی گئی ہیں اور اس دوران 79 افراد گرفتار، 27 کیخلاف مقدمات درج جبکہ 836 گرانفروشوں کو جرمانے عائد کئے گئے ہیں،اب تک 27 ہزار 413 افراد کیخلاف کارروائیوں میں 1820 افراد گرفتار جبکہ 303 کیخلاف مقدمات درج کروائے جا چکے ہیں۔ لاہور ڈویڑن میں 27 گرانفروشوں کیخلاف کارروائیاں، 5 گرفتار ، 2 کیخلاف مقدمات درج کروائے گئے، گوجرانوالہ ڈویڑن میں417 ، فیصل آباد میں 94 ، ساہیوال ڈویڑن 10، سرگودھا 18، راولپنڈی 78،بہاولپور ڈویڑن 113 ،ڈی جی خان 52 اور ملتان میں 106 دکانداروں کیخلاف کارروائیاں کی گئیں۔ترجمان پرائس کنٹرول کا کہنا ہے کہ چینی کی قیمتوں میں مصنوعی اضافے اور قلت پیدا کرنیوالوں کو گرفتار اور بھاری جرمانے عائد کئے جارہے ہیں، گزشتہ ایام کے مقابلے میں مارکیٹ میں چینی کی دستیابی میں واضح بہتری آئی ہے۔