10وارداتیں،لاکھوں روپے ،موبائل فونز،سامان لوٹ لیا

شہرمیں 5مقامات پر شہری لٹ گئے،دوگاڑیاں،3موٹرسائیکلیں چوری 
داروغہ والا چوک سے درجنوں سنگین جرائم میں ملوث ڈاکوشہزادگرفتار
لاہور(کرائم رپورٹر)شہر میں چوری و ڈکیتی کی 10وارداتوں میں شہریوں سے لاکھوں روپے ،موبائل فونز ودیگر سامان لوٹ لیا گیا۔راوی روڈ پر طارق سے1لاکھ 35ہزار وموبائل ،فیکٹری ایریا میں ضمیر سے 1 لاکھ30ہزار وموبائل،جنوبی چھائونی میں نوازش سے 1 لاکھ 25ہزار و موبائل ، فیصل ٹائون میں زاہد سے ڈاکو 1لاکھ 20ہزار وموبائل ،ساندہ میں قیصر سے1لاکھ 10ہزار ، موبائل ودیگر سامان چھین کر فرار ہوگئے۔ڈیفنس ، سبزہ زار سے گاڑیاں،کاہنہ، بادامی باغ اور مسلم ٹائون سے موٹرسائیکلیں چوری ہو گئیں۔باغبانپورہ ڈولفن سکواڈنے واردات ناکام بناکر ڈاکو کوگرفتارکرلیا۔ 2 ڈاکو گن پوائنٹ پر شہری سے واردات کررہے تھے،ڈولفن اہلکار پٹرولنگ کرتے ہوئے موقع پر پہنچ گئے ، ڈاکو فرارہوگئے۔ تعاقب پرداروغہ والا چوک سے ایک ڈاکو پستول سمیت گرفتار کرلیا گیا اسکے ساتھی رش کا فائدہ اٹھاکرفرار ہوگئے۔گرفتار ڈاکو شہزاد ڈکیتی اور دیگر درجنوں سنگین جرائم میں ریکارڈ یافتہ نکلاجسے باغبانپورہ پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔