بھارتی یوٹیوبر اور بگ باس فاتح ایلویش یادو کے گھر فائرنگ، بھاؤ گینگ ذمہ دار قرار

بھارتی یوٹیوبر اور بگ باس فاتح ایلویش یادو کے گھر فائرنگ، بھاؤ گینگ ذمہ دار قرار

بھارت میں مشہور یوٹیوبر اور رئیلٹی شو بگ باس کے فاتح ایلویش یادو کے گھر کے باہر نامعلوم افراد نے فائرنگ کر دی، جس کی ذمہ داری بیرونِ ملک مقیم گینگسٹر ہمانشو بھاؤ اور نیرج فریدپوریا نے قبول کر لی ہے۔

پولیس کے مطابق یہ واقعہ اتوار کی صبح تقریباً ساڑھے 5 بجے پیش آیا، جب تین نقاب پوش حملہ آور موٹرسائیکلوں پر سوار ہو کر آئے اور دو درجن سے زائد گولیاں فائر کیں۔ خوش قسمتی سے کسی کو جانی نقصان نہیں ہوا۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں حملہ آوروں کو فائرنگ کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، اور گولیاں مکان کی پہلی منزل اور زمین پر لگی ہیں۔ ایلویش یادو اس وقت گھر پر موجود نہیں تھے کیونکہ وہ دوسری اور تیسری منزل پر رہائش پذیر ہیں۔سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ وائرل ہوئی، جس میں ہمانشو بھاؤ اور نیرج فریدپوریا نے اس فائرنگ کی ذمہ داری قبول کرنے کا دعویٰ کیا۔ پوسٹ میں کہا گیا:
"آج ایلویش یادو کے گھر فائرنگ کی گئی ہے، یہ کارروائی نیرج فریدپور اور بھاؤ رتولیہ نے کی ہے۔ وہ غیر قانونی بیٹنگ ایپس کو پروموٹ کر کے کئی گھر برباد کر چکے ہیں۔ یہ اس کے لیے وارننگ ہے۔ جو بھی یہ ایپس پروموٹ کرے گا، یاد رکھے فون یا گولی کبھی بھی آسکتی ہے۔"بھارتی میڈیا کے مطابق گرگاؤں پولیس نے واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور ممکنہ طور پر حملہ آوروں کی شناخت اور گرفتاری کے لیے سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر شواہد کا تجزیہ جاری ہے۔