بھارتی ریاست مہاراشٹر کے شہر ناگپور میں حالیہ فسادات کا تعلق مغل بادشاہ اورنگزیب کے مقبرے کو ہٹانے کے بیان سے جوڑا جا رہا ہے، جس کے بعد یہ تنازعہ شدت اختیار کر گیا۔
وزیر اعلیٰ دیویندر فڈنویس نے ایک حالیہ بیان میں وکی کوشل کی فلم چھاوا کو ان فسادات کا ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔ چھاوا، جو کہ مغل بادشاہ اورنگزیب کے خلاف ایک بایوپک ہے، کے ذریعے اورنگزیب کے حوالے سے لوگوں میں غصہ بڑھا اور اسے فسادات کا محرک قرار دیا گیا۔فڈنویس نے کہا کہ یہ پرتشدد واقعات پہلے سے منصوبہ بند معلوم ہوتے ہیں اور ان فسادات میں مخصوص مکانات اور اداروں کو نشانہ بنایا گیا، جو کہ ایک سازش کا حصہ لگتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو ریاست کو پرامن رکھنے کی اپیل کی اور چھاوا فلم کو لوگوں کے غصے کو بھڑکانے کا ذمہ دار قرار دیا۔ناگپور میں ہونے والے تشدد میں متعدد گاڑیاں تباہ ہوئیں اور کم از کم 15 پولیس اہلکار زخمی ہوئے، جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے۔ پولیس نے بتایا کہ اس واقعے کے نتیجے میں مختلف عوامی املاک کو نقصان پہنچا۔