بھارت کے مشہور اور متنازع یوٹیوبر اور بگ باس او ٹی ٹی کے فاتح ایلویش یادیو کے رہائش گاہ پر صبح سویرے تین موٹرسائیکل سوار نامعلوم افراد نے اندھا دھند فائرنگ کی۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ صبح ساڑھے پانچ سے چھ بجے کے درمیان پیش آیا۔ حملہ آوروں نے یوٹیوبر کے مکان پر دو درجن سے زائد گولیاں داغیں اور موقع سے فرار ہوگئے۔ گولیوں کے نشانات مکان کی نچلی اور پہلی منزل کی دیواروں پر واضح طور پر نظر آ رہے ہیں۔خوش قسمتی سے ایلویش یادیو حملے کے وقت گھر پر موجود نہیں تھے۔ وہ عموماً اسی عمارت کی دوسری اور تیسری منزل پر رہائش پذیر رہتے ہیں۔ واقعے کے دوران ان کا کیئر ٹیکر اور کچھ اہل خانہ گھر میں موجود تھے، لیکن کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔اطلاع ملنے پر پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچی، فرانزک شواہد اکٹھے کیے اور علاقے کے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج قبضے میں لے لی۔
حکام نے بتایا کہ اہل خانہ کی باضابطہ شکایت درج ہونے کے بعد تحقیقات آگے بڑھائی جائیں گی۔پولیس نے مزید بتایا کہ ایلویش یادیو اس وقت ہریانہ سے باہر ہیں اور اہل خانہ کے مطابق اس واقعے سے قبل انہیں کسی قسم کی دھمکی موصول نہیں ہوئی تھی۔ماہرین کے مطابق یہ حملہ ممکنہ طور پر یوٹیوبر کی مقبولیت یا متنازع مواد سے متعلق ہو سکتا ہے، تاہم تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی حملہ آوروں کی شناخت اور محرکات سامنے آئیں گے۔